دنیا
Time 03 اگست ، 2023

بھارت میں پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال لائی گئی لاش کو چوہے کُتر گئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارت میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا جہاں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال لائی گئی لاش کو چوہے کُتر گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تلنگانا کے ایک سرکاری اسپتال کے مردہ خانے میں پوسٹ مارٹم کے لیے رکھی لاش کو چوہوں نے اپنی خوراک بنا لیا، چوہوں نے لاش کے چہرے، گال اور پیشانی کو مبینہ طو رپر  کُتر لیا۔

رپورٹس کے مطابق 30 جولائی کو پولیس نے صبح تقریباً ایک بجے بھواناگیری قصبے کے 35 سالہ ڈرائیور روی شنکر کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا تھا، روی  نے مبینہ طور پر خودکشی کی تھی۔  

تاہم 30 اور 31 جولائی کی درمیانی شب کو مردہ خانے میں عملے کی عدم موجودگی میں چوہوں نے مبینہ طور پر لاش کو کُترنا شروع کیا۔

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

شنکر کے رشتہ داروں کے مطابق ا سپتال کے عملے نے واقعہ کو چھپانے کی کوشش کی لیکن اسپتال میں موجود کچھ افراد نے چوہوں کے حملے کا شکار لاش کو دیکھ لیا اور اس کی تصاویر کھینچ لیں جس کے بعد اہل خانہ کو واقعہ کی اطلاع ملی۔

دوسری جانب اسپتال انتظامیہ نے  ایسے کسی واقعہ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہواجیسا کہ دکھایا گیا، لاش کو چوہوں کے کاٹنے کا الزام بے بنیاد ہے۔ جب لاش کو لایا گیا تو اس کے چہرے پر کئی نشان پہلے سے موجود تھے۔

تاہم اسپتال حکام نے واقعہ کی انکوائری شروع کر تے ہوئے شنکر کے اہل خانہ سے  وعدہ کیا ہے کہ اگر کوئی غفلت پائی گئی تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں :