06 اگست ، 2023
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023 معاملات میں بدانتظامیوں کے پیش نظر بیشتر بورڈز بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے نالاں ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے شیڈول میں بار بار تبدیلی کی باتوں پر آئی سی سی بھی پریشان ہے جبکہ ورلڈ کپ شیڈولنگ کے معاملات پر بعض بورڈز بی سی سی آئی سے خوش نہیں۔
ذرائع کے مطابق ایونٹ کے آغاز میں 60 سے بھی کم روز رہ گئے ہیں تاہم ورلڈ کپ کا حتمی شیڈول بھی جاری نہیں ہوا جس کے باعث ورلڈ کپ میچز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا عمل بھی تاحال شروع نہیں ہو سکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممبر بورڈز کیلئے میچز کا شیڈول اور ٹکٹوں کے اجراء کے معاملے پر غیر یقینی صورتحال بھی تشویش کا باعث ہے جبکہ اس غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے بین الاقوامی شائقین بھی پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
گزشتہ سال آسٹریلیا میں ہونیوالے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹکٹیں چھ ماہ پہلے ملنا شروع ہوگئی تھیں، ٹکٹوں کی فروخت سے قبل بی سی سی آئی کو شیڈول فائنل کرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی معاملات کی بنیاد پر بی سی سی آئی شیڈولنگ کے مسائل کا شکار ہے جبکہ آئی سی سی کا کمرشل ڈپارٹمنٹ انڈیا، نیوزی لینڈ میچ دھرم شالہ میں کرانے پر ناخوش ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے کمرشل ڈپارٹمنٹ کا خیال ہے کہ اہم میچ کا چھوٹے وینیو پر انعقاد کمرشلی مفاد میں نہیں ہوگا۔