05 جنوری ، 2013
گوجرانوالہ....چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار نے کہا ہے کہ کوہستان ویڈیواسکینڈل میں تین بھائیوں کے قتل کا علم ہے درخواست موصول ہوجائے تو کیس کل ہی ری اوپن کرسکتے ہیں۔چیف جسٹس پاکستان نے گوجرانوالہ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر لوگوں کے پیغامات میں عدلیہ پر اعتماد کیا جاتا ہے۔ انصاف ایسا ہو جو فوری ہو اور عوام تک پہنچے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہم نے اپنے طورپرجوبھی کوشش کی وہ جاری رکھنی ہے۔ یہ نہ سمجھنا کہ کہ کوشش کامیاب ہوگئی اب گھربیٹھ جاتے ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جدوجہدکادوسرامرحلہ سب لوگوں کوسستافوری انصاف ملے۔ ہم نے حکومت کوفوری انصاف کے لیے30ارب کاپلان دیاہے لیکن 8ماہ گزرنے کے باوجود کوئی پذیرائی نہیں ملی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ انہیں کوہستان ویڈیواسکینڈل میں رقص کرنے والے لڑکے کے تین بھائیوں کے قتل کا علم ہے اوریہ کیس جلد ری اوپن کرنے کا فیصلہ کیاجائے گا۔اگر درخواست موصول ہوجائے تو یہ کیس کل ہی دوبارہ کھول سکتے ہیں ۔انہوں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوی ایشن کے حالیہ معاملہ پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ جونئیرکو چاہیے کہ وہ سینئرز ڈاکٹروں کا احترام کرے اورڈاکٹروں کو بھی برداشت بڑھانا ہوگی۔