05 جنوری ، 2013
کراچی…سوئی سدرن گیس کمپنی نے صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کے بعد گھریلو صارفین کے لیے بھی لوڈشیڈنگ شروع کردی ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں عام طورپرصبح 9بجے سے شام 5 بجے تک گھروں سے گیس غائب ہوتی ہے۔ کراچی کے علاقوں گلشن معمار، گلشن اقبال، سخی حسن ، لسبیلہ، پٹیل پاڑا، جہانگیر روڈ، ڈیفنس، کلفٹن سمیت متعدد علاقوں میں گیس کی فراہمی بند ہوگئی۔ شہریوں کہ کہنا ہے کہ ہفتے میں دو دن صنعتوں کے لیے اور تین دن سی این جی سیکٹر کے لیے گیس بند کی جاتی ہے، اس کے باوجود بھی گھریلو صارفین کو بے انتہا تنگ کیا جارہا ہے۔ خواتین کا کہنا تھا کہ اگر گھروں میں گیس آ بھی رہی ہو تو وہ اتنی ہوتی ہے کہ چائے بھی 3 گھنٹے میں پکتی ہے۔ اِس لیے مجبورا کھانا ہی نہیں بلکہ چائے تک ہوٹلوں سے منگوانی پڑ رہی ہے۔