05 جنوری ، 2013
کراچی…شاہ زیب قتل کیس کے نامزد ملزم شاہ رخ جتوئی کے ملک سے فرار ہونے کی دستاویز جیو نیوز نے حاصل کر لی ہے جس کے مطابق وہ 27دسمبر کو متحدہ عرب امارات پہنچ چکا ہے۔ذرائع کے مطابق 25دسمبر کو ڈیفنس میں شاہ زیب کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا جس کا مقدمہ نامزد ملزمان شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپر کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ شاہ رخ جتوئی کے پاسپورٹ کی نقول جیو نیوز نے حاصل کر لی ہے جس کے مطابق اس کا پاسپورٹ نمبر بی 5694996ہے۔ اس کے پاسپورٹ کی ٹریول رپورٹ کے مطابق ایک صفحے پر آسٹریلیا سے روانگی کی تاریخ 24مارچ درج ہے جبکہ اِسی صفحیپر متحدہ عرب امارات میں اُس کی آمد کی تاریخ 27دسمبر ہے ، یعنی شاہ زیب کے قتل کے ٹھیک دو دن بعد۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے میں شاہ رخ کے ملک سے روانگی کا اندراج نہیں ہے۔