مردہ قرار دیے گئے بی جے پی رہنما آخری رسومات کے دوران زندہ ہوگئے، دوبارہ اسپتال داخل

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کے رہنما جنہیں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا تھا، آخری رسومات کی تیاری کے دوران زندہ ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکمران جماعت بی جے پی کے سابق مقامی صدر مہیش بگھیل آگرہ کے اسپتال میں زیر علاج تھے تاہم طبیعت بگڑنے پر ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی تھی۔

مہیش بگھیل کے بھائی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے بی جے پی رہنما کو مردہ قرار دیتے ہوئے انہیں گھر منتقل کرنے کا کہہ دیا تھا، ڈاکٹروں کی جانب سے ہدایت ملنے پر ہم بھائی کو گھر لے آئے اور ان کی آخری رسومات کی تیاری شروع کر دی تھی۔

بی جے پی رہنما کی موت کی خبر سن کر پارٹی رہنما ، قریبی دوست اور اہل خانہ ان کی رہائش گاہ پر جمع ہوگئے تھے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کے بھائی کا کہنا ہے کہ جیسے ہی آخری رسومات شروع ہونے ہی والی تھیں کہ مہیش بگھیل کی جانب سے حرکت کی گئی، قریب پہنچے تو انہوں نے آنکھیں کھولیں ہوئی تھیں۔

یہ دیکھ کر سب حیران ہوگئے، تاہم مہیش بگھیل کو فوراً اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق ان کے سینے میں انفیکشن ہے اور انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں،دوستوں اور اہل خانہ کی جانب سے ان کی صحت کے لیے دعائیں کی جارہی ہیں۔

مزید خبریں :