05 جنوری ، 2013
لاہور…پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز ہڑتال ختم کر کے کام پر واپس آگئے ،ایمر جنسی اورآوٴٹ ڈورمیں علاج معالجہ شروع ہو گیا۔لاہور کے سروسز اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز نے رات گئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر ناصر عباس نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں تین روز کی ہڑتال ختم کر کے آج صبح آٹھ بجے ڈیوٹیوں پر آنے کا اعلان کیا تھا۔جس پر پنجاب بھر میں ینگ ڈاکٹرز صبح سے اپنی ڈیوٹیوں پر واپس آنا شروع ہو گئے ہیں۔ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال پر پنجاب حکومت نے لازمی سروس ایکٹ نافذ کر دیاتھا۔ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ ازخود کیا۔ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر ناصر عباس نے کہا تھا کہ گوجرانوالہ کے معاملے پر آج کے اجلاس میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔