Time 09 اگست ، 2023
پاکستان

خیبر: خودکش حملہ آور اور سہولت کار کے خاکے جاری، انعام کا بھی اعلان

25 جولائی کو خودکش حملے میں ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ علی مسجد عدنان خان آفریدی شہید ہوگئے تھے— فوٹو: سی ٹی ڈی
25 جولائی کو خودکش حملے میں ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ علی مسجد عدنان خان آفریدی شہید ہوگئے تھے— فوٹو: سی ٹی ڈی

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا نے 25 جولائی کو ضلع خیبر میں مسجد میں خودکش حملہ آور اور اس کے سہولت کار کے خاکے جاری کردیے۔

سی ٹی ڈی حکام نے خودکش حملہ آور انصار عرف ابوذر اور اس کے سہولت کار عبداللہ عرف سلمان کے خاکے آج جاری کیے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق خودکش حملہ آور انصار عرف ابوذر سکنہ افغانستان نے 25 جولائی کو ضلع خیبر کے مسجد اہل حدیث میں پناہ لے رکھی تھی، تھانے کو خودکش حملہ آور کی موجودگی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری مسجد پہنچی تو ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی نے مسجد کی تلاشی شروع کی اور اس دوران خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو زوردار دھماکے سے اڑا دیا۔

دھماکے میں ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ علی مسجد شہید ہوگئے۔

دھماکے کے وقت مسجد نمازیوں سے خالی تھی جبکہ واقعے کے بعد پولیس نے خودکش حملہ آور کے ایک سہولت کار کو جائے وقوعہ سے حراست میں لیا، دوران تفتیش معلوم ہوا کہ خودکش حملہ آور کا ایک اور سہولت کار عبداللہ عرف سلمان سکنہ لوئی شلمان لنڈی کوتل روپوش ہوگیا ہے۔ 

حکام کے مطابق سہولت کار عبداللہ سے متعلق جس نے بھی پولیس کو اطلاع دی انہیں نقد انعام سے نوازا جائےگا اور نام بھی صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایاکہ خودکش حملہ آور کو سہولت کار عبداللہ نے جیکٹ اور روسی ساختہ کلاشنکوف دی تھی۔

مزید خبریں :