05 جنوری ، 2013
لاڑکانہ… لاڑکانہ حکومت کے لاڑکانہ پیکیج میں شامل قمبر شہدادکوٹ روڈ کی تعمیر مقررہ مدت کے دو سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے شہری پریشان ہیں اور گردوغبار کی وجہ سے علاقے میں سانس کی بیماریوں نے سر اٹھانا شروع کر دیا ہے۔پیپلز پارٹی نے برسر اقتدار آتے ہی لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے لاڑکانہ پیکیج تیار کیا ، تاہم اس پیکیج کے تحت محض چند سڑکوں کی تعمیر ہی مکمل ہو سکی، زیادہ تر سڑکیں اب بھی مقررہ معیاد گزر جانے کے باوجود نامکمل ہیں۔ سب سے زیادہ خراب صورتحال قمبر شہدادکوٹ روڈ کی ہے جس کی تعمیر وقت پر مکمل نہ ہونے سے شہری پریشان ہیں۔ حکومت سے یہ درخواست کی وہ کسی بھی طرح اس منصوبے کو مکمل کرائے تاکہ ان کی دشواریاں ختم ہو سکیں۔ یہ روڈ دو سال سے زیر تعمیر ہے اور اس کی تعمیر مکمل نہ ہونے کی وجہ سے گردوغبار سے سانس اور پھیپھڑوں کی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔قمبر شہداد کوٹ روڈ کا ٹھیکہ 2010 میں دیا گیا تھا اور اسے اپریل2011 میں مکمل ہونا تھا لیکن حکومت کی جانب سے مناسب فنڈنگ نہ ہونے سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔جس کمپنی کو ابتدائی طور پر یہ ٹھیکہ دیا گیا تھا اس کے دو ڈائریکٹروں کی اچانک ہلاکت اور فنڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہواہے تاہم توقع ہے کہ اب یہ منصوبہ اگست 2013 تک مکمل ہو جائے گا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت جب منصوبے ترتیب دے تو اس بات کو بھی یقینی بنائے کہ یہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہو جائیں تا کہ عوام کو صحیح معنوں میں اس کے فوائد حاصل ہو سکیں۔