05 جنوری ، 2013
اسکردو…کرم ایجنسی میں شدید سردی کے باعث اسکول دو ماہ کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔ملک بھر میں سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 13ڈگری رکارڈ کیا گیا۔ملتان ، بہاول پور،سرگودھا ، چیچہ وطنی سمیت پنجاب اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں صبح کے وقت دھند سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔دھند کے باعث رحیم یارخان اور تحصیل شجاع آباد میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں 13طالبات سمیت22افردزخمی ہوگئے۔قبائلی علاقے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔کرم ایجنسی میں شدید سردی کے باعث تمام تعلیمی ادارے دو ماہ کے لئے بند کردیے گئے۔بالائی علاقوں میں ٹھنڈی ہواوٴں سے لوگوں کے معمولات متاثر ہیں۔بلتستان ڈویژن ،آزاد کشمیر ،خیبر پختوانخوا ،بلوچستان میں سرد ی برقرار ہے۔پنجاب اور سندھ میں بھی یخ ہواوٴں کے ڈیرے ہیں اور لنڈا بازاروں میں رش ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آیندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔