12 اگست ، 2023
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعظم کے عہدے کے لیے نواز شریف کا کسی نام پر اصرار نہیں ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم بس یہ چاہتے ہیں کہ موجودہ معاشی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہے ۔
احسن اقبال نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے انتخاب کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ایک ملاقات ہو چکی، وزیراعظم نے اتحادیوں سے مشاورت کی ہے، امید ہے فیصلہ اتفاق رائے سے ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم اپنی نگران کابینہ خود منتخب کریں گے، اداروں کو ملک کے مفاد میں فیصلے کرنے چاہییں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے پاس نگران وزیر اعظم کا نام طے کرنے کا آج آخری روز ہے، آج نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا ۔