15 اگست ، 2023
دنیا بھر میں مقبول فلم ٹائی ٹینک میں’ روز‘ کا کردار ادا کرنے والی ہالی وڈ اداکارہ کیٹ ونسلیٹ کا فلم میں پہنا ہوا گلابی کوٹ نیلامی کیلئے تیار ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 1997 میں بننے والی بلاک بسٹر فلم ٹائی ٹینک کو دنیا بھر میں آج بھی پسند کیا جاتا ہے ، فلم میں روز کا کردار ہالی وڈ اداکارہ کیٹ ونسلیٹ اور جیک کا کردار اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو نے کیا تھا، جوڑی کو خوب پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم میں ٹائی ٹینک جہاز کے ڈوبتے وقت کیٹ ونسلیٹ کے پہنے گئے گلابی کوٹ کو اب نیلامی کیلئے پیش کیا جارہا ہے، اس کوٹ کی نیلامی رواں سال 13 ستمبر کو ایک نیلامی کمپنی گولڈان کے ذریعے آن لائن کی جائے گی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کوٹ کی نیلامی 1 لاکھ ڈالر سے شروع کیے جانے کی امید ہے کوٹ کو ڈیزائنر Deborah Lynn Scott نے ڈیزائن کیا تھا اور اس گلابی کورٹ پر کالے رنگ کے دھاگے سے کام ہوا ہے۔
واضح رہے فلم ٹائی ٹینک نے باکس آفس پر 1.84 بلین ڈالر کا ریکارڈ توڑ بزنس کیا تھا ، اس فلم کو 14 اکیڈمی ایوارڈز میں بھی نامزدگیاں حاصل ہیں جن میں بیسٹ پچر اور بیسٹ کوسٹیوم ڈیزائن بھی شامل ہے۔