Time 22 اگست ، 2023
پاکستان

پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے راجہ اظہر دو روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

چیئرمین تحریک انصاف کی محبت دل سے کوئی نہیں نکال سکتا، جہاں چیئرمین تحریک انصاف کھڑے ہیں وہاں میں کھڑا ہوں: راجہ اظہر/ فائل فوٹو
چیئرمین تحریک انصاف کی محبت دل سے کوئی نہیں نکال سکتا، جہاں چیئرمین تحریک انصاف کھڑے ہیں وہاں میں کھڑا ہوں: راجہ اظہر/ فائل فوٹو

کراچی: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے سابق رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کو جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس نے پی ٹی آئی کے سابق رکن سندھ اسمبلی کو  انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جہاں دوران سماعت عدالت نے راجہ اظہر سے پوچھا کہ آپ پر کوئی تشدد تو نہیں کیا گیا؟ اس پر راجہ اظہر نے بتایا کہ نہیں مجھ پر کوئی تشدد نہیں کیا گیا۔

دوران سماعت پولیس نے راجہ اظہر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم سے تفتیش کے بعد ترمیمی چالان پیش کیا جائے گا۔

عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا پر راجہ اظہر کو 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا اور آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔

راجہ اظہر کی میڈیا نمائندگان سے گفتگو

دوسری جانب عدالت کے باہر  میڈیا نمائندگان سے غیر رسمی گفتگو میں راجہ اظہر نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی محبت دل سے کوئی نہیں نکال سکتا، جہاں چیئرمین تحریک انصاف کھڑے ہیں وہاں میں کھڑا ہوں۔

انہوں نے شرجیل میمن کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ثابت کرے بس کو آگ لگی،  یہاں شراب کو شہد بنا دیا جاتا ہے، اعتراف کرتا ہوں 9 مئی کو احتجاج کیا تھا۔

مزید خبریں :