06 جنوری ، 2013
اسلام آباد… سپریم کورٹ کل ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو جاری کئے گئے توہین عدالت کے نوٹس کی سماعت کرے گی، جبکہ ایم کیو ایم کے وکلاء کی جانب سے الطاف حسین کو حاضری سے استثنا ء دینے کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو عوامی جلسے میں عدالت کے بارے میں نامناسب ریمارکس دینے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سات جنوری کو عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیاتھا۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ڈاکٹر فروغ نسیم اور قاضی خالد ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ میں الطاف حسین کو حاضری سے مستثنیٰ قرار دینے کی درخواست دائر کی ہے اور ان کی جگہ ان کے وکیل یا ڈاکٹر فاروق ستار کو پیش ہونے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ڈاکٹرفروغ نسیم ، قاضی خالد، رانا آصف ، عبداللہ کاکڑ ، پیر لیاقت علی، چوہدری محمد رمضان، احسن بھون، کامران مرتضیٰ ، بھجن داس تیجوانی پر مشتمل وکلاء کا نو رکنی پینل منتخب کیا گیا ہے۔