Time 24 اگست ، 2023
کھیل

ٹینٹ پیگنگ ورلڈکپ کے پہلے روز پاکستان نے برانز میڈل حاصل کرلیا

پہلے روز کے مقابلوں کے اختتام پر لانس کے انفرادی پلیئرز میں پاکستان کے ناصر عباس نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور برانز میڈل اپنے نام کیا— فوٹو:این وائی پولو کلکس
پہلے روز کے مقابلوں کے اختتام پر لانس کے انفرادی پلیئرز میں پاکستان کے ناصر عباس نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور برانز میڈل اپنے نام کیا— فوٹو:این وائی پولو کلکس

جنوبی افریقا میں ہونے والے ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کے پہلے روز پاکستان کے ناصر عباس نے برانز میڈل حاصل کرلیا۔

جنوبی افریقا کے شہر جارج ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ 2023 کے پہلے روز لانس کیٹیگری کی مجموعی طور پر 7 رنز ہوئیں جس میں انفرادی اور پیئر کی 2، 2 جبکہ ٹیم کی 3 رنز ہوئیں۔

پہلے روز کے مقابلوں کے اختتام پر لانس کے انفرادی پلیئرز میں پاکستان کے ناصر عباس نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور برانز میڈل اپنے نام کیا جبکہ گولڈ اور سلور میڈل سعودی عرب کے گھڑ سواروں کے نام رہے۔

ناصر عباس نے انفرادی، پیئر اور ٹیم کی ہر رن میں مہارت سے اپنے ہدف میں نیزہ مارا اور اس کو لائن کے پار لے آئے اور مکمل 42 پوائنٹس حاصل کئے، سعودی عرب کے دونوں گھڑ سوار کے بھی 42 پوائنٹس تھے مگر اسپیڈ کی بنیاد پر دونوں کو ناصر پر سبقت مل گئی۔

پہلے روز کے مقابلوں کے بعد ٹیم کے مجموعی پوائنٹس میں اردن پہلی، سعودی عرب دوسری اور مصر تیسری پوزیشن پر ہے، پاکستان کی پوزیشن پانچویں رہی۔

پاکستان نے مجموعی طور پر 144 پوائنٹس حاصل کیے، پاکستان ٹاپ تھری میں آنے کی پوزیشن میں تھا لیکن ایک موقع پر وجاہت اللہ نے ٹیم رن میں اپنا ہدف مس کردیا جس وجہ سے پاکستان 6 پوائنٹس پیچھے رہ گیا، وجاہت اور تصور نے انفرادی رن میں بھی غلطیاں کردی تھیں ورنہ پاکستان کی پوزیشن کافی بہتر ہوسکتی تھی۔

ایونٹ کے دوسرے روز تلوار (sword) کے 7 رنز ہوں گے جس کے بعد تیسرے روز رنگ اینڈ پیگ کے 6 رنز ہوں گے جن میں ر نگ اینڈ پیگ، لیمن اینڈ پیگ اور ریلے کے 2،2 رنز شامل ہیں۔

ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ میں تین روز مختلف کیٹیگریز کی مجموعی 20 رنز کے بعد ورلڈ چیمپئن ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔

مزید خبریں :