25 اگست ، 2023
جنوبی افریقا کے شہر جارج میں جاری ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کے دوسرے روز پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور اور برانز میڈل اپنے نام کر لیے۔
ورلڈ کپ کے دوسرے روزٹینٹ پیگنگ سوورڈ کے مقابلے کی ٹیم کیٹیگری میں پاکستان نے سلور اور انفرادی کیٹیگری میں پاکستانی کھلاڑی وجاہت اللہ نے برانز میڈل اپنے نام کیے۔
ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کے دوسرے روز سوورڈ کیٹیگری کے مقابلے میں رائیڈرز نے سات مختلف مراحل میں مجموعی طور پر 7 رنز میں حصہ لیا۔
پہلے مرحلے میں انفرادی رنز ہوئیں جس میں چار رکنی ٹیم کے ہر رائیڈر نے انفرادی رن کرتے ہوئے 2، 2 مرتبہ ہدف کو تلوار کی نوک سے اٹھانے کی کوششیں کی، پہلے مرحلے میں ہی پاکستان نے 36 پوائنٹس لے کر برتری حاصل کرلی۔
دوسرے مرحلے میں 2، 2 کی جوڑی کی صورت میں 2 پیئر رنز ہوئیں اور اس میں بھی پاکستان آگے رہا، پھر چاروں گھڑ سوار ایک ساتھ میدان میں اترے اور ٹیم راؤنڈ کی 3 رنز میں حصہ لیا۔
ٹیم راؤنڈ کے 2 رنز تک پاکستان کو سعودی عرب پر برتری حاصل تھی تاہم تیسری رن میں پاکستان کے تصور اور عرفان محمود نے ٹارگیٹ کو مس کردیا۔
یہ دن کا پہلا موقع تھا کہ عرفان نے کوئی ٹارگیٹ مس کیا ہو جس کی وجہ سے وہ تلوار کے انفرادی گولڈ میڈل سے محروم رہ گئے، ہدف مس نہ کرنے پر وہ 42 پوائنٹس حاصل کرنے والے دن کے واحد پلیئر ہوتے۔
تلوار کی انفرادی پلیئرز کیٹیگری میں پاکستان کے وجاہت اللہ کو 40 پوائنٹس حاصل کرنے پر برانز میڈل سے نوازا گیا۔
چیمپئن شپ کے مجموعی پوائنٹس ٹیبل پر سعودی عرب 292.5 پوائنٹس کے ساتھ پہلی جبکہ پاکستان 276 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔
ایونٹ کے آخری روز تین مراحل میں مجموعی طور پر 6 رنز ہوں گی، پہلے رنگ اینڈ پیگ کی 2 رنز، پھر لیمن اینڈ پیگ کی 2 رنز اور اس کے بعد ریلے کی 2 رنز جس میں پہلے پلیئرز نیزے اور دوسرے رن میں تلوار کا استعمال کریں گے۔