بالی وڈ کے وہ 2 ستارے جن کے چاند پر بھی پلاٹ ہیں

23 اگست کو بھارت کا مشن چندریان 3 کامیابی سے چاند کے تاریک حصے پر اترا —فوٹو: بھارتی میڈیا
23 اگست کو بھارت کا مشن چندریان 3 کامیابی سے چاند کے تاریک حصے پر اترا —فوٹو: بھارتی میڈیا

ہم سب جانتے ہیں کہ بالی وڈ کے اے کیٹیگری کے اداکار اپنی ایک فلم کا معاوضہ کروڑوں روپے میں لیتے ہیں اور اسی حساب سے وہ اپنے زندگی بھی پرتعیش انداز میں گزارتے ہیں، مہنگی گاڑیاں ہوں یا پھر مہنگے بنگلے، یہ اداکار ایسے کئی قیمتی اثاثوں کے مالک ہوتے ہیں۔ 

لیکن کیا آپ ایسے بالی وڈ اداکاروں کے بارے میں جانتے ہیں جن کے چاند پر بھی پلاٹ( خالی زمین) ہیں؟ اگر نہیں تو آج ہم اس راز سے پردہ اٹھاتے ہیں۔

23 اگست کو بھارت کا مشن چندریان 3 کامیابی سے چاند کے تاریک حصے پر اترا جس کے ساتھ ہی بھارت چاند کے تاریک حصے پر لینڈ کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا۔

بھارتی اسپیس ایجنسی کے مطابق چندریان 3 مشن 14 جولائی کو روانہ ہوا تھا جو لانچ کے بعد 10 دن تک زمین کے مدار میں موجود رہا اور 5 اگست کو کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوا۔

وکرم نامی لینڈر 17 اگست کو پروپلشن موڈیول سے کامیابی سے الگ ہوا تھا جس کے بعد 23 اگست کی شام کو یہ مشن چاند پر کامیابی سے اترا۔مشن کی کامیابی کے بعد بھارت چاند پر سافٹ لینڈنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک جب کہ چاند پر پہنچنے والا دوسرا ایشیائی ملک ہے۔

جہاں بھارت چاند پر پہنچ گیا وہیں دوسری جانب بالی وڈ کے دو ستارے ایسے بھی ہیں جن کے چاند پر پہلے سے پلاٹ موجود ہیں۔

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت چاند پر پلاٹ کے مالک ہیں۔ 

بھارتی میڈیا  کے مطابق شاہ رخ خان چاند پر ایک مخصوص حصے کے مالک ہیں، جسے 'Sea of Tranquility'کہا جاتا ہے۔ دراصل چاند کا یہ حصہ شاہ رخ خان کی ایک آسٹریلوی خاتون مداح نے انہیں  تحفے میں دیا ہے۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہر سال شاہ رخ خان کی سالگرہ پر یہ آسٹریلوی مداح کنگ خان کے لیے  چاند پر تھوڑا حصہ خریدتی ہیں۔ 

ایک پرانے انٹرویو میں شاہ رخ خان نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ  آسٹریلوی خاتون ہر سال میری سالگرہ پر میرے لیے چاند پر تھوڑا حصہ خریدتی ہیں جس کے لیونر رجسٹری کی جانب سے جاری سرٹیفکیٹ بھی میرے پاس موجود ہیں۔

سینڈی نامی آسٹریلوی خاتون مداح نے  بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہاں، یہ سچ ہے کہ میں نے کنگ خان کے لیے چاند پر پلاٹ خریدا کیونکہ میں چاہتی ہوں کہ شاہ رخ خان چاند پر پہنچنے والے پہلے بالی وڈ ہیرو بنیں۔

رپورٹس کے مطابق شاہ رخ نہ صرف چاند پر پلاٹ کے مالک ہیں بلکہ چاند پر ان کے نام سے ایک گڑھا بھی موجود ہے۔

اس کے علاوہ آنجہانی بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی سائنس اور فلکیات سے محبت کوئی ڈھکی چھپی نہیں تھی یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بھی 55 لاکھ روپے میں چاند پر  ایک حصہ خریدا تھا۔اس حصے کو  'Sea of ​​Muscovy' کہا جاتا ہے۔

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سشانت نے نہ صرف چاند  پر پلاٹ خریدا بلکہ وہ روز اسے گھر سے  اپنی دوربین کے ذریعے دیکھا بھی کرتے تھے۔

واضح رہے کہ جہاں بھارت کا مشن چندریان 3 اترا ہے وہ قطب جنوبی کا دوردراز خطہ ہے، مستقل طور پر سائے میں رہنے کی وجہ سے اسے 'چاند کا اندھیرے والا حصہ' بھی کہا جاتا ہے اور غالب امکان ہے کہ چاند کا جو حصہ سائے میں ہے وہاں پانی کی موجودگی کے آثار ملیں۔

چاندکے قطب جنوبی کی اہمیت کیوں ہے؟

سائنسدانوں کا خیال ہےکہ چاندکے قطب جنوبی میں کافی مقدار میں برف موجود ہے۔

چاند پر برف یعنی پانی کی موجودگی کا مطلب یہ ہے کہ مستقبل میں انسان اسے استعمال کر سکتا ہے، یہ برف نہ صرف پینےکے پانی میں تبدیل کی جاسکتی ہے بلکہ اس سے آکسیجن اور ہائیڈروجن حاصل کی جاسکتی ہے جس سے وہاں زندہ رہنے اور راکٹ یا خلائی جہاز کے لیے فیول حاصل کرنا ممکن ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں :