Time 26 اگست ، 2023
کھیل

ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ میں پاکستان کی دوسری پوزیشن، سلور میڈل جیت لیا

ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرے روز ٹیم اور انفرادی مقابلوں کے گولڈ حاصل کیے— فوٹو: جیو نیوز
ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرے روز ٹیم اور انفرادی مقابلوں کے گولڈ حاصل کیے— فوٹو: جیو نیوز

جنوبی افریقا میں ہونیوالے ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرے روز ٹیم اور انفرادی مقابلوں کے گولڈ حاصل کیے جبکہ مجموعی ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے سلور میڈل جیتا۔

پاکستان کے عرفان محمود نے مجموعی چیمپئن شپ کا سلور میڈل اپنے نام کیا۔ جنوبی افریقی شہر جارج میں ہونے والے ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کے تیسرے روز رنگ اینڈ پیگ، لیمن اینڈ پیگ اور لانس و سلور کی ریلے ہوئیں اور پاکستان نے ہر کیٹیگری میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 294 پوائنٹس کے ساتھ دن کا گولڈ میڈل جیتا۔

پاکستان کے عرفان محمود نے مجموعی چیمپئن شپ کا سلور میڈل اپنے نام کیا— فوٹو: جیو نیوز
پاکستان کے عرفان محمود نے مجموعی چیمپئن شپ کا سلور میڈل اپنے نام کیا— فوٹو: جیو نیوز

سعودی عرب نے 289 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور انڈیا نے 276.5 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

رنگ اینڈ پیگ کے رن میں پاکستان کے تصور عباس اور وجاہت اللہ نے مہارت کا مظاہرہ کرکے مکمل پوائنٹس حاصل کیے۔ لیمن اینڈ پیگ میں تصور عباس نے مکمل پوائنٹس حاصل کیے۔

لانس ریلے میں پاکستان کے وجاہت اللہ کا نشانہ چوک گیا لیکن سوورڈ کے ریلے میں پاکستان کے چاروں رائیڈرز نے خوبصورتی سے تلوار سے ہدف کا نشانہ لیا اور اسے لائن کے پار لگاکر پورے پوائنٹس حاصل کیے۔

پاکستانی رائیڈر تصور عباس نے تیسرے روز ایک بھی ہدف مِس نہیں کیا— فوٹو: جیو نیوز
پاکستانی رائیڈر تصور عباس نے تیسرے روز ایک بھی ہدف مِس نہیں کیا— فوٹو: جیو نیوز

پاکستانی رائیڈر تصور عباس نے تیسرے روز ایک بھی ہدف مِس نہیں کیا، انہوں نے مہارت سے نیزے اور تلوار کا استعمال کرتے ہوئے پورے 84 پوائنٹس حاصل کیے اور انفرادی گولڈ میڈل جیتا۔

مجموعی طور پر چیمپئن شپ میں پاکستان 570 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر رہا، سعودی عرب نے 581.5 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ انڈیا 548.5 پوائنٹس لے کر تیسرے نمبر پر رہا ۔

مجموعی طور پر چیمپئن شپ کے انفرادی رائیڈرز میں پاکستان کے عرفان محمود نے سلور میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے تین دن جاری رہنے والے ورلڈ کپ میں 152 پوائنٹس حاصل کیے ۔ سعودی عرب کے حسن عمر چار پوائنٹس کی برتری کی وجہ سے بہترین رائیڈر اور گولڈ میڈل کے حقدار ٹھہرے۔

مزید خبریں :