28 اگست ، 2023
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافےکے تحت وصولیوں کے خلاف کیس میں وزارت توانائی اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی( آئیسکو) سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئیسکو کو یکم جولائی سے 25 جولائی تک کی وصولیوں سے متعلق تادیبی کارروائی نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
صنعت کاروں نے 26 جولائی کے ٹیرف کو یکم جولائی سے نافذ العمل کرنےکا اقدام چیلنج کیا تھا جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔
عدالت نے تحریری حکم جاری کیا کہ آئیسکو یکم جولائی سے 25 جولائی تک کی وصولیوں سے متعلق تادیبی کاروائی نہ کرے، عدالتی معاونت کے لیے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔
عدالت نے وزارت توانائی، آئیسکو اور دیگر فریقین کو بھی نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا ہے۔
عدالت نے تحریری حکم میں کہا ہےکہ درخواست گزار کی جانب سے وزارت قانون کے 26 جولائی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا، 26 جولائی کے نوٹیفکیشن کے مطابق اس کا اطلاق یکم جولائی سے کیا گیا ہے، وکیل کے مطابق قانونی طور پرکسی ایسے نوٹیفکیشن کا اطلاق ماضی پر نہیں ہوسکتا ، وکیل کے مطابق 26 جولائی کے نوٹیفکیشن پر یکم سے 25 جولائی تک ریکوری نہیں کی جاسکتی۔