Time 30 اگست ، 2023
پاکستان

امید ہے بھارت پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مکمل سکیورٹی فراہم کرےگا: نگران وزیر خارجہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: نگران  وزیر  خارجہ  جلیل عباس جیلانی کا  کہنا ہےکہ بھارت میں جاری ماحول ہمیشہ  سے  ہمارے لیے باعث تشویش ہے،  امید  ہے کہ  بھارت پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مکمل سکیورٹی فراہم کرےگا۔

نگران  وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ ہم نے اپنے تحفظات سے بھارت کو آگاہ کیا ہے،کرکٹ ورلڈ کپ عالمی ایونٹ ہے، بھارت کے ساتھ تعلقات کی نوعیت تبدیل نہیں ہوئی۔

جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ کور  ایشوز  پر بات کیے بغیر  دیگر  معاملات پر بھارت سے تعلقات آگے نہیں بڑھ سکتے، تنازع کشمیر  پاک بھارت جنگوں اور  دیگر مسائل پر  پیش رفت نہ ہونےکی بنیادی وجہ ہے، بھارت سیاچن پر غیر قانونی طور پر قابض ہے، ہم سیاچن مسئلے کو بےنظیر، راجیو معاہدےکی روشنی میں حل کرنا چاہتے ہیں،  پاک بھارت آبی مسائل انتہائی اہم ہیں، بھارت کے ساتھ بات چیت صرف اپنی اصولی پوزیشن کی بنیاد پر ہی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، ہمارے پاس مضبوط  شواہد ہیں، بھارت کا رویہ ہمارے لیے نمبر ون مسئلہ ہے،بھارت نے بڑے پیمانے  پر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیاں کی ہیں، سارک اجلاس میں واحد رکاوٹ بھارت ہے۔

نگران وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان حکومت نے پاکستان میں دہشت گردی کے بعض ذمہ داروں کی گرفتاری کا بتایا ہے، افغانستان نے ہمیں پاکستان میں کارروائیاں نہ کرنے کے فتوے کے اجراء سے آگاہ کیا ہے، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے، ہم عالمی سطح پر پاور پالیٹکس کا حصہ نہیں بنیں گے، امریکا کے ساتھ اس وقت تعلقات اور تعاون بہت مضبوط ہیں، امریکا  نے چین یا روس سمیت کسی ملک سے تجارتی تعلقات منقطع کرنےکا مطالبہ نہیں کیا، روس یوکرین تنازع کا پرامن حل ضروری ہے، ہم کسی کے معاملات پر مداخلت کرتے ہیں اور  نہ ہی مداخلت پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ انتخابات آئین میں دی گئی مدت کے اندر ہی ہوں گے، نگران حکومت کا کام آزادانہ اور منصفانہ انتخابات یقینی بنانا ہے، الیکشن کرانا نگران حکومت کا نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے، ہم ایک نگران سیٹ اپ ہیں جس کا محدود مینڈیٹ ہے،  میرے ذہن میں کوئی شک نہیں ہم مختصر مدت کی نگران حکومت ہیں، ہم غیر سیاسی سیٹ اپ ہیں، سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے۔

مزید خبریں :