Time 31 اگست ، 2023
کھیل

ایشین گیمز: 100 اور 200 میٹر دوڑ میں پاکستان کی نمائندگی کرنیوالی تامین قومی ریکارڈ بنانے کیلئے پر عزم

اگر ہمیں بھی کرکٹ جیسی سپورٹ ہو تو ہم اور بھی بہتر رزلٹ دے سکتے ہیں: تامین خان__فوٹو: ایتھلیٹ
 اگر ہمیں بھی کرکٹ جیسی سپورٹ ہو تو ہم اور بھی بہتر رزلٹ دے سکتے ہیں: تامین خان__فوٹو: ایتھلیٹ

پاکستان کی تیز ترین خاتون ایتھلیٹ تامین خان نے ایشین گیمز میں اچھی پرفارمنس کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں ان کا پہلا ہدف پاکستان کا نیشنل ریکارڈ بنانا ہے۔

ایشین گیمز 23 ستمبر سے چین کے شہر ہینگزو میں ہوں گے جس میں تامین خان 100 میٹر اور 200 میٹر دوڑ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی ۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ان دونوں ایونٹس کا ریکارڈ بڑے مارجن سے بہتر کرنے کے لیے کافی محنت کر رہی ہیں۔

پاکستان کے قومی ریکارڈز میں 100 میٹر کا ریکارڈ 11.81 سیکنڈز کی ٹائمنگ کے ساتھ نسیم حمید اور صدیق صدیقی کے پاس ہے، تامین خان نے گزشتہ سال ہونے والی قومی چیمپئن شپ میں 11.86 سیکنڈز کی ٹائمنگ کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔

خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والی طالبہ تامین خان نے کہا کہ ایشین گیمز بڑا ایونٹ ہے اور کافی مشکل مقابلے ہوں گے، کوشش ہوگی کہ میں سیمی فائنل اور فائنل کے لیے کوالیفائی کروں۔

فوٹو: تامین خان
فوٹو: تامین خان

انہوں نے کہا کہ پچھلی ایشین چیمپئن شپ میں فائنلسٹ کی ٹائمنگ 11.2 سے 11.6 رہی تھی، ان کی کوشش ہوگی کہ اس ٹائمنگ کو حاصل کریں۔

قومی ایتھلیٹ نے کہا کہ ایشین گیمز ان کا پہلا انٹرنیشنل ایونٹ ہے اور ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے۔

ایونٹ کی تیاریوں کے بارے میں تامین خان کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ تین سے چار گھنٹے ٹریننگ کرتی ہیں، ٹریک پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ جم میں بھرپور ویٹ ٹریننگ بھی کررہی ہیں۔

ایک سوال پر تامین خان نے کہا کہ اگر ہمیں بھی کرکٹ جیسی سپورٹ ہو تو ہم اور بھی بہتر رزلٹ دے سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ایتھلیٹس کے ساتھ کوچز ، نیوٹرشنست اور فزیو کی ٹیم ہوتی، یہاں ایسا کچھ نہیں ساتھ ساتھ ٹریکس کا معیار انٹرنیشنل ٹریکس جیسا نہیں اور پریکٹس کے وقت الیکٹرانک ٹائمر نہیں ہوتے، جس کی وجہ سے تیاریوں میں دشواریاں پیش آتی ہیں۔

مزید خبریں :