08 جنوری ، 2013
کراچی…سندھ ریجن کے سی این جی اسٹیشنز دو دن کے لئے بند کر دیئے گئے۔تفصیل کے مطابق کراچی میں صبح 8 بجے سے لے کر جمعرات کی صبح 8 بجے تک سی این جی اسٹیشن پر گیس کی فراہمی بند رہنے کے اعلان کی وجہ سے کراچی کے شہری رات گئے اپنی گاڑیوں میں سی این جی بھروانے کے لیے قطاروں میں لگے رہے۔سی این جی گیس لوڈ مینجمنٹ شیڈول کے تحت صبح 8 بجے سے سی این جی گیس کی فراہمی بند کردی گئی،جس کے باعث سی این جی استعمال کرنے والے صارفین طویل قطاروں میں لگنے پر مجبور ہیں ، خاص کر رکشہ،ٹیکسی،کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز اور مسافر بسوں کے ڈرائیورز شامل ہیں، رات کے اوقات میں سردی کی شدت کے باوجود سی این جی فلنگ اسٹین اور پیٹرول پمپس پر رش ہے اور کراچی کے شہری رات جاگ کر اپنی گاڑیوں میں سی این جی بھروانے کے لیے قطاروں میں لگنے پر مجبور ہوئے ہیں۔