خاتون نے ایپل اسٹور میں دانتوں سے کیبل کاٹ کر آئی فون 14 چُرا لیا

خاتون نے پولیس کو بیان میں کہا کہ میرا فون چوری ہوچکا تھا، اور مجھے نیا فون چاہیے تھا، آئی فون کی قیمت بہت زیادہ تھی اسی لیے چرانے کا فیصلہ کیا__فوٹو: اسکرین گریب
خاتون نے پولیس کو بیان میں کہا کہ میرا فون چوری ہوچکا تھا، اور مجھے نیا فون چاہیے تھا، آئی فون کی قیمت بہت زیادہ تھی اسی لیے چرانے کا فیصلہ کیا__فوٹو: اسکرین گریب

چین میں ایک خاتون نے ایپل اسٹور میں لگی مضبوط کیبل کو دانتوں کی مدد سے کاٹ کر آئی فون 14 چرا لیا۔

دنیا بھر میں آئی فون ایک ایسا مقبول فون ہے جسے ہر کوئی اپنے پاس رکھنا چاہتا ہے، ہر سال نیا ماڈل آنے کے بعد کچھ لوگ یہ بھی خواہش کرتے ہیں کہ ان کے پاس جدید ماڈل ہو البتہ یہ سب کے لیے آسان نہیں کیوں کہ آئی فون کے نئے ماڈلز کی مالیت پاکستانی لاکھوں روپے میں ہوتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی فون ایپل اسٹور سے چرانے کا یہ غیر معمولی واقعہ چین کے جنوب مشرقی صوبے فوجیان میں پیش آیا جہاں  ایک خاتون کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں فون چراتے دیکھا گیا۔

خاتون کامیابی سےفون چراکر شو روم سے باہرآتی ہیں لیکن پولیس نے اسے نصف گھنٹے میں ہی گرفتار کرلیا۔

 ویڈیو میں دیکھا گیا کہ خاتون پہلے کچھ دیر آئی فون کا جائزہ لیتی ہیں پھر کیبل کو دانتوں میں لے کر کاٹنا شروع کرتی ہیں، مسلسل چبانے سے کیبل بلآخر ٹوٹتا ہے اور خاتون اطمینان سے فون لے کر اپنے بیگ میں رکھ کر  تیز قدموں سے اسٹور سے باہر نکل جاتی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹور مینیجر نے بتایا کہ جب فون چوری ہوا تو اسٹور کا الارم بجا جس پر تمام اسٹاف چوکنا ہوگیا، ملزمہ نے پہلے کئی دیگر آلات چیک کیے اور ظاہر کیا کہ وہ فون خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ 

تاہم کچھ دیر بعد دانتوں سے چبایا گیا ٹوٹا ہوا ایک تار دیکھا گیا جس کےبعد پولیس کوبلایا گیا۔

پولیس کو بیان دیتے ہوئے خاتون نے کہا کہ میرا فون چوری ہوچکا تھا اور مجھے نیا فون چاہیے تھا، آئی فون کی قیمت بہت زیادہ تھی اسی لیے چرانے کا فیصلہ کیا۔

مزید خبریں :