طویل راستے سے تنگ دو افراد نے دیوار چین کو کاٹ کر راستہ بنادیا، دونوں گرفتار

دیوار چین کا وہ متاثرہ حصہ جہاں 2 افراد نے گزرنے کے لیے شارٹ کٹ بنا دیا / فوٹو بشکریہ Youyu پولیس
دیوار چین کا وہ متاثرہ حصہ جہاں 2 افراد نے گزرنے کے لیے شارٹ کٹ بنا دیا / فوٹو بشکریہ Youyu پولیس

بیشتر افراد کو طویل راستوں پر سفر کرنا پسند نہیں ہوتا اور اسی وجہ سے وہ شارٹ کٹ کی تلاش کرتے ہیں یا خود بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ایسا ہی کچھ چین میں ہوا جہاں 2 افراد کو دیوار چین میں سوراخ کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔

چین کے صوبے شنسی کے علاقے Youyu میں یہ واقعہ پیش آیا۔

مقامی پولیس کے مطابق 38 سالہ مرد اور 55 سالہ خاتون اپنے تعمیراتی کام کی جگہ پر پہنچنے کے لیے دیوار چین میں سوراخ کرکے شارٹ کٹ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔

انہوں نے excavator کا استعمال کرکے دیوار چین میں پہلے سے موجود ایک سوراخ کو کشادہ کیا تاکہ ان کی مشین وہاں سے گزر سکے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ دونوں ملزمان اپنے سفر کا فاصلہ کم کرنا چاہتے تھے مگر اس سے دیوار چین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

دیوار کے اس حصے میں ایک بڑے سوراخ کی رپورٹس کے بعد 24 اگست کو مقامی حکام الرٹ ہوئے اور انہوں نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

اس متاثرہ حصے کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جن میں ایک ٹوٹے پھوٹے راستے کو دیوار چین کے سوراخ سے گزرتے دکھایا گیا ہے۔

حکام کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ دیوار چین کو 1987 میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل کیا گیا تھا جس کی تعمیر 220 قبل مسیح میں شروع ہوکر 17 ویں صدی میں منگ خاندان کی سلطنت تک ہوتی رہی تھی۔

درحقیقت موجودہ عہد میں زیادہ تر سیاح دیوار چین کے جن حصوں کو دیکھتے ہیں ان کی تعمیر منگ سلطنت میں ہوئی تھی اور اسے منگ گریٹ وال کہا جاتا ہے۔

مزید خبریں :