05 ستمبر ، 2023
لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان کی رہائی کے لیے ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں۔
جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
سرکاری وکیل نے ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئےکہا کہ مقدمے میں نئی دفعات شامل ہوچکی ہیں، نئی دفعات کے تحت ملزموں سے تفتیش کرنی ہے۔
عدالت نے یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان کی رہائی کے لیے ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کے مقدمات میں یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور دیگر ملزمان کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بغاوت کی دفعات شامل کرنےکے معاملے کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور دیگر ملزمان کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے 19 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنےکا حکم دے دیا۔
ملزمان کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔