09 ستمبر ، 2023
سندھ کے نئے اور جونیئر انسپکٹر جنرل پولیس رفعت مختار راجہ سے سینئر افسران کی ناراضگی بدستور برقرار ہے۔
تعیناتی پر بد دلی کا شکار ایسے بیشتر سینئر پولیس افسران مسلسل رخصت پر ہیں اور صوبے میں گریڈ 20 اور 21 کے افسران کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔
صوبے کی پولیس کا نظم و نسق چلانے کے لیے آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی کراچی خادم حسین رند کو مزید تین ایڈیشنل آئی جیز کے عہدوں کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔
آئی جی سندھ رفعت مختار نے اس سلسلے میں احکامات جاری کر دیے ہیں جس کے تحت گریڈ 21 کے عمران یعقوب منہاس کے رخصت پر جانے سے خالی ہونے والے دو عہدوں کا چارج خادم حسین رند کے حوالے کیا گیا ہے۔
پولیس چیف کراچی خادم حسین اب ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور اور ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ سندھ کا چارج بھی سنبھالیں گے، ان کے پاس ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ کا بھی چارج ہوگا۔
آرڈر کے مطابق ڈی آئی جی ٹریننگ فیض اللہ کوریجو ، ڈی آئی جی آئی ٹی کا چارج بھی سنبھالیں گے جب کہ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر محمد زبیر دریشک، ڈی آئی جی فنانس اور ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کا اضافی چارج سنبھالیں گے۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ عبدالقادر قیوم ، ایڈیشنل آئی جی آپریشن اور ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن سندھ کا بھی اضافی چارج بھی سنبھالیں گے۔