08 جنوری ، 2013
واشنگٹن…امریکی صدر بارک اوباما نے سابق سینیٹرچک ہیگل کو وزیر دفاع اور انسداد دہشت گردی کے مشیر جان برینن کو سی آئی اے کا سربراہ نامزد کرکے خود پر تنقید کے نئے دروازے کھول لیے ہیں۔صدر بارک اوباما نے سابق ری پبلکن سینیٹر چک ہیگل کو وزیر دفاع کے لیے نامزد کیا تو ان کے انتخاب پر انگلیاں اٹھنی لگیں۔ چک ہیگل عراق جنگ کے مخالف رہے ہیں وہ ایران سے براہ راست بات چیت کے حامی ہیں اور اسرائیل پر حماس سے مذاکرات کیلئے زور دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایران پر امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملے کے بھی مخالف ہیں۔ ان وجوہات کی بنا پر انھیں ری پبلکن جماعت ناپسند کرتی ہے اور ان کی نامزدگی پر کہا کہ اس سے اسرائیل اور مشرق وسطیٰ میں امریکا کے حامیوں کوغلط پیغام جائے گا۔دوسری جانب سی آئی اے کی سربراہی کیلئے نامزد جان برینن کو بھی مخالفت کا سامنا ہے۔ جان برینن پاکستان، یمن اور صومالیہ میں ڈرون حملوں کے فیصلوں میں پیش پیش رہے ہیں۔ سابق صدر بش کے دور میں دہشت گردی کے ملزموں سے معلومات کے حصول کیلئے پر تشدد طریقوں کے بھی وہ حامی رہے ہیں جس کی وجہ سے انسانی حقوق کی تنظیموں کو ان کی نامزدگی پر تحفظات ہیں۔صدر بارک اوباما کے نامزد کردہ دونوں افراد کو امریکی سینیٹ میں سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم امکان ہے کہ سینیٹ ان کی منظوری دے دے گی۔