08 جنوری ، 2013
لاہور…پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن کا کہنا ہے کہ ایڈہاک کمیٹی تشکیل دینا اورنیشنل گیمز کرانا غیرقانونی ہے۔ حکومتی مداخلت اولمپک چارٹرکے خلاف ہے، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی سے رابطہ کریں گے۔اولمپک ہاؤس لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس میں سید عارف حسن نے کہا کہ اسلام آباد میں بلائے جانے والے اجلاس کی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ فٹ بال فیڈریشن کا کیس عدالت میں ہے جس کے مطابق کسی بھی اجلاس میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز صرف پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کراسکتی ہے جبکہ قومی اسپورٹس پالیسی میں بھی یہ ہی کچھ لکھا ہے۔پی او اے قانون کے مطابق کام کررہی ہے، اگر ایڈ ہاک کمیٹی بنا کرکوئی کام کیا جاتا ہے تو آئی او سی کوئی بھی ایکشن لے سکتی ہے۔ موجودہ صورت حال پرآئی او سی سے رابطہ کر رہے ہیں ۔