Time 14 ستمبر ، 2023
پاکستان

ایم کیو ایم اور جے یو آئی کا پیپلز پارٹی کیخلاف اتحاد، سندھ میں ساتھ چلنے پر اتفاق

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور  جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے پیپلز پارٹی کے خلاف اتحاد کرتے ہوئے سندھ میں ساتھ چلنے  پر اتفاق کیا ہے۔

جے یو آئی کا وفد مولانا راشد محمود سومرو کی سربراہی میں ایم کیوایم پاکستان کے مرکز  پہنچا اور  اراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی۔

سینیئر ڈپٹی کنوینر  ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سےگفتگو میں کہا کہ جے یو آئی، جی ڈی اے اور  ایم کیو ایم  نے طےکرلیا ہےکہ سندھ کے عوام کو  پیپلزپارٹی کے غاصبانہ قبضے سے نجات دلائیں گے۔ 

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہےکہ اب سندھ کارڈ نہیں چلنے دیں گے، دیہی سندھ میں سیاسی قوت جے یو آئی کے پاس ہے ، مل کر جاگیرداروں اور وڈیروں کو  ان کی اوقات یاد دلائیں گے اور پیپلزپارٹی کی منافرت اور  قوم پرستی کی پالیسی ناکام بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب دیہی سندھ کے عوام کی یہ غلط فہمی دور کردیں گے کہ ان کے پاس متبادل قیادت نہیں، نیا سیاسی اتحاد سندھ کے عوام کی خدمت کے لیے تیار ہے۔

جے یو آئی کے مولانا راشد محمود سومرو نےکہا کہ ملاقات میں اتفاق ہوا ہےکہ ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور جے یو آئی کسی ایک قوم کے لیے جدوجہد نہیں کریں گے بلکہ کراچی سے کشمور  تک سب کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکش کمیشن تبادلے، تقرری اور حلقہ بندیوں پر جی ڈی اے، ایم کیو ایم اورہمارے تحفظات دورکرے، تحفظات دور نہیں کیے تو مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

مزید خبریں :