برج الخلیفہ سے بہت جلد دنیا کی بلند ترین عمارت کا اعزاز ایک اور مسلم ملک چھین لے گا

2018 تک یہ ٹاور اتنا تعمیر ہو چکا تھا / رائٹرز فوٹو
2018 تک یہ ٹاور اتنا تعمیر ہو چکا تھا / رائٹرز فوٹو

اس وقت دبئی کی برج الخلیفہ دنیا کی بلند ترین عمارت ہے مگر بہت جلد یہ اعزاز اس سے سعودی عرب کا جدہ ٹاور چھین لے گا۔

2013 میں جدہ ٹاور کی تعمیر کا کام شروع ہوا تھا مگر کئی برس سے کام رکا ہوا تھا۔

مگر اب جدہ اکنامک کمپنی (جے ای سی) کی جانب سے جدہ ٹاور کا تعمیراتی کام دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

جب یہ عمارت مکمل ہوجائے گی تو یہ دنیا کی بلند ترین عمارت قرار پائے گی جس کی بلندی 3280 فٹ تک ہوگی۔

خیال رہے کہ 163 منزلہ برج الخلیفہ کی بلندی 2722 فٹ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جے ای سی کی جانب سے جدہ ٹاور کی تعمیر دوبارہ شروع کرنے کے لیے تعمیراتی کمپنی کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور اس حوالے سے 2023 کے آخر تک بولی لگائی جائے گی۔

برسوں کی تاخیر اور مالیاتی مسائل کے باعث اس ٹاور کا کام اب تک مکمل نہیں ہوسکا جسے سب سے پہلے 2008 میں بنانے کا منصوبہ سامنے آیا تھا تاہم اس نئی پیشرفت کے بعد لگتا ہے کہ اسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

ٹاور مکمل ہونے کے بعد ایسا نظر آئے گا / رائٹرز فوٹو
ٹاور مکمل ہونے کے بعد ایسا نظر آئے گا / رائٹرز فوٹو

اس سے پہلے اعلان کیا گیا تھا کہ جدہ ٹاور کا کام 2019 تک مکمل کیا جائے گا مگر ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔

یہ 170 منزلہ عمارت ایک ہوٹل، اپارٹمنٹس، دفاتر، آؤٹ ڈور ڈیک اور دیگر تعمیرات سے لیس ہوگی۔

پہلے اس کی تعمیراتی لاگت 2 ارب ڈالرز لگائی گئی تھی مگر کئی برس تک کام نہ ہونے کے باعث اس میں اضافہ ہوا ہے۔

مگر ابھی واضح نہیں اب اس عمارت کی تعمیر پر کتنے ارب ڈالرز خرچ ہوں گے۔

مزید خبریں :