17 ستمبر ، 2023
چیف جسٹس پاکستان کی تبدیلی کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل اور جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے ممبران کی بھی تشکیل نو ہو گئی۔
گزشتہ روز جسٹس عمر عطا بندیال کا بطور چیف جسٹس پاکستان آخری روز تھا جس کے بعد آج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پاکستان کے 29 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
جسٹس عمر عطا بندیال کی ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل اور جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے ممبران کی بھی تشکیل نو ہو گئی ہے۔
جسٹس اعجازالاحسن سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن بن گئے ہیں جبکہ جسٹس سردار طارق پہلے ہی سپریم جوڈیشل کونسل کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ چیف جسٹس پاکستان اور 2 سینئر ترین جج سپریم جوڈیشل کونسل کا حصہ ہوتے ہیں۔
اسی طرح جسٹس منیب اختر ججز تقرری کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن کا حصہ بن گئے ہیں جبکہ جسٹس سردار طارق، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ پہلے ہی جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا حصہ ہیں۔
جوڈیشل کمیشن کے سربراہ بھی چیف جسٹس آف پاکستان ہوتے ہیں جبکہ کمیشن میں عدالت عظمیٰ کے 4 سینئر ترین ججز بھی بطور رکن شامل ہوتے ہیں۔
کمیشن کے دیگر ارکان میں ایک ریٹائرڈ جج، وزیر قانون، اٹارنی جنرل اور بار کونسل کا نمائندہ شامل ہوتا ہے۔
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کی سطح پر ججز کی تقرریاں کرتا ہے۔