09 جنوری ، 2013
اسلام آباد … سپریم کورٹ نے فیڈرل سروسز ٹریبونل کے سربراہوں کے تقرر کیس پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہناہے کہ جو شخص کہیں سے بھی فارغ ہو، اسے ممبر سروسز ٹریبونل بنا دیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے شیخ ریاض کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موٴقف اختیار کیا تھا کہ فیڈرل سروسز ٹریبونل کی تقرری چیف جسٹس کی مشاورت سے کی جائے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ بار بار مہلت دینے کے باوجود وفاق اور صوبوں نے قانون سازی نہیں کی، یہ معاملہ سال 2007ء سے زیر التواء ہے، اب عدالت فیصلہ جاری کرے گی، آئین میں لکھا ہے کہ عدلیہ ایگزیکٹو سے علیحدہ رہے گی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ قانون میں ترمیم کیلئے پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے مشاورت سے متعلق ترامیم لا ئی جا رہی ہیں۔