09 جنوری ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ کو بتایا گیا ہے کہ حارث ا سٹیل ملز کیس میں نیب نے ملزم شیخ محمد افضل کی پلی بارگین درخواست منظور کر لی ہے جسے حتمی منظوری کیلئے احتساب عدالت بھجوا دیا گیا ہے۔بینک آف پنجاب نے تفتیشی ایجنسی کی جانب سے ریکوری کی رقم سے کمیشن کے تقاضے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے حارث اسٹیل ملز کیس کی سماعت کی تو ملزم شیخ محمد افضل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 3 ارب66 کروڑ70 لاکھ روپے کی ادائیگی کی جا چکی ہے جبکہ نیب کے ساتھ پلی بارگین ڈیل کے مطابق 4 ارب 73 کروڑ ، 70 لاکھ روپے کراس چیکوں کی صورت میں دیئے جا رہے ہیں جو ایک سال کی مدت میں کیش ہوں گے۔ سماعت کے دوران پنجاب بینک نے تفتیشی ایجنسی نیب کی جانب سے ملزم سے وصول کی گئی رقم پر کمیشن کے تقاضے پر اعتراض اٹھایا۔ اس پر عدالت نے ہدایت کہ اپنے اعتراضات تحریری طور پر جمع کرائیں۔ کیس کی سماعت دو ہفتے کے لیے ملتوی کر دی گئی۔