ادویات اور دیگر اشیا میں موجود یہ پڑیا کیوں رکھی جاتی ہے؟

اسے سلیکا جیل کہا جاتا ہے / فوٹو بشکریہ popsci
اسے سلیکا جیل کہا جاتا ہے / فوٹو بشکریہ popsci

اکثر چیزوں کو خریدنے پر ان کے ڈبوں میں ایک سفید رنگ کی چھوٹی سی پڑیا نکلتی ہے جس پر سلیکا جیل لکھا ہوتا ہے۔

مگر یہ سلیکا جیل کیا ہوتا ہے اور اگر اسے غلطی سے کھا لیا جائے تو کیا ہوتا ہے؟

اس پڑیا کو چیزوں کے ڈبے کے اندر اس لیے رکھا جاتا ہے کیونکہ سلیکا جیل نمی کو جذب کرتا ہے جس سے وہ چیزیں خراب نہیں ہوتیں۔

برقی مصنوعات، ادویات، جوتے اور متعدد مصنوعات میں اسی لیے سلیکا جیل کی پڑیا موجود ہوتی ہے تاکہ وہ خشک رہ سکیں۔

یہ بنیادی طور پر سلیکون ڈائی آکسائیڈ سے بنی ریت ہے جو اپنے حجم کے 40 فیصد حصے کے برابر پانی کو جذب کر سکتی ہے۔

تو اگر اسے کھا لیا جائے تو؟

ویسے تو سلیکا جیل کے پیکٹ پر ڈو ناٹ ایٹ (اسے مت کھائیں) لکھا ہوتا ہے مگر یہ زہریلا نہیں ہوتا۔

یعنی اگر غلطی سے آپ نے اسے کھا لیا ہے تو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں مگر اسے بچوں کی پہنچ سے دور رکھنا چاہیے کیونکہ اس کے دانے حلق میں پھنس سکتے ہیں جس سے سانس لینا مشکل ہو سکتا ہے۔

اسی طرح بہت زیادہ مقدار میں اسے کھا لینا آنتوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے جہاں سلیکا جیل پانی کو جذب کرنے لگتا ہے۔

اس کو آپ چند حیرت انگیز کاموں کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

کاغذ کی مصنوعات کو محفوظ بنائے

پاسپورٹس، پیدائشی سرٹیفکیٹس اور ایسے ہی اہم دستاویزات کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ انہیں نمی کا سامنا نہ ہو۔

یہی وجہ ہے کہ اہم دستاویزات کے ڈبے میں سلیکا جیل کو رکھنے سے انہیں خشک رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

پرانی کتابوں کو بھی اسی طرح آپ تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔

الیکٹرونکس مصنوعات کو بچانا

اسمارٹ فونز، لیپ ٹاپ اور ایسی ہی دیگر الیکٹرونکس مصنوعات کے قریب سلیکا جیل کو رکھنا انہیں نمی سے محفوظ رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اسی طرح اگر اسمارٹ فون غلطی سے پانی میں گرگیا ہے تو سلیکا جیل کے متعدد پیکٹس میں ڈیوائس کو رکھ دیں۔

سلیکا جیل ڈیوائس سے پانی کو جذب کرلے گا اور قسمت اچھی ہوئی تو فون پھر سے کام کرنے لگے گا۔

نمی سے متاثرہ حصوں کو خشک رکھے

ٹوائلٹ اور ایسی ہی جگہیں جہاں نمی پھیلنے کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے، وہاں سلیکا جیل کا استعمال مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

اسی طرح موسم سرما میں اکثر ونڈ اسکرین دھندلا جاتی ہے، آپ ونڈ اسکرین کے ساتھ ان بیگز کو رکھ کر آپ اس پر دھند جمنے سے روک سکتے ہیں۔

زنگ کی روک تھام

دھاتی ڈبوں، ریزر یا دیگر میٹریل پر نمی سے زنگ لگنے کا امکان ہوتا ہے۔

ٹول باکس یا دیگر میں سلیکا جیل کی پڑیا رکھنا اس خطرے کو کم کرتا ہے۔

گیلے سامان میں بو پیدا ہونے سے روکے

اگر آپ گیلے کپڑوں یا دیگر چیزوں کو سامان میں ڈال کر سفر کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، تو اس سے بیگ میں مخصوص بو پیدا ہو جاتی ہے۔

اگر آپ سلیکا جیل کو سفری بیگ کے اندر ڈال دیں تو بو کو روکنا ممکن ہو جاتا ہے۔