09 جنوری ، 2013
اسلام آباد…چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ڈی آئی جی کرائم کراچی بشیر میمن کی سندھ بدری کے احکامات معطل کر دیئے ہیں۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے ڈی آئی جی کرائم بشیر میمن کی سندھ بدری کے احکامات محمد اختر نقوی کی متفرق درخواست پر نوٹس لیتے ہوئے دیئے۔ ڈی آئی جی بشیر میمن نے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں شاہ زیب قتل کیس میں پولیس کی کوتاہیوں کا اعتراف بھی کیا تھا جب کہ ایک بدنام زمانہ پولیس انسپکٹر وسیم بیٹر کے بارے میں ڈی آئی جی حیدر آباد ثنا اللہ عباسی کے موقف کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وسیم بیٹر سندھ پولیس میں طاقت ور ترین شخص ہے جو منشیات اور جوئے کے اڈے چلانے میں ملوث ہے۔ سندھ حکومت نے ڈی آئی جی بشیر میمن کو گزشتہ شام ہی صوبہ بدر کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ان کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کا حکم جاری کر دیا تھا۔ چیف جسٹس پاکستان نے ان کی سندھ بدری کے احکامات معطل کر دیئے ہیں ۔