پاکستان
Time 21 ستمبر ، 2023

لاہور : بھارت کے بہیمانہ اقدامات خالصتان تحریک کو نہیں دبا سکتے: سکھ رہنما

فوٹو: انٹرنیٹ
فوٹو: انٹرنیٹ

لاہور میں سکھ برادری نےکینیڈا میں خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ 

مظاہرے کے شرکا نےبھارتی وزیر اعظم مودی کو ہردیپ سنگھ کا قاتل قرار دیتے ہوئےالزام لگایا کہ سکھ رہنما کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے، ایسے بہیمانہ اقدامات خالصتان تحریک کو نہیں دبا سکتے۔

کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کے خلاف دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی سکھ برادری سراپا احتجاج ہے۔ لاہور پریس کلب کے باہر کئے گئے احتجاج میں سکھ سنگت پاکستان کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔

سابق رکن پنجاب اسمبلی سردار رمیش سنگھ اروڑا کا کہنا تھا کہ ہردیپ سنگھ کے قتل سے بھارتی چہرے سے سیکولرازم کا نقاب اُتر گیا ہے، پاکستان 7 دہائیوں سے کہہ رہا ہے کہ بھارت پاکستان میں مداخلت کررہا ہے۔

انہوں نے کینیڈین وزیراعظم کے بھارتی سفارت کار کی ملک بدری کے اقدام کو دلیرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جسٹن ٹروڈو نے اس قتل کے پیچھے بھارت کے گھناؤنے ہاتھ کو بے نقاب کر دیا۔

سابق ایم پی اے مہندر پال سنگھ نے کہا کہ ہردیپ سنگھ کے قتل میں مودی ملوث ہے، مہذب ممالک ہندوستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں، خالصتان کے قیام کی تحریک ہر صورت منطقی انجام کو پہنچے گی، پاکستان میں جتنی بھی دہشتگردی ہوئی ہے، اس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ رہا ہے۔

احتجاجی مظاہرے کے شرکا کا کہنا تھا کہ بھارت میں سکھوں اور اقلیتوں کا قتل عام ہو رہا ہے، ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھی بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے۔

مزید خبریں :