Time 21 ستمبر ، 2023
پاکستان

بجلی چوری کیخلاف آپریشن: 7 روز میں 6 ارب وصول کرلیے، سیکرٹری پاور

لیسکو نے بجلی چوروں سے ایک ارب 45 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد ریکور کرکے 4 ہزار 928 ایف آئی آرز کا اندراج کیا ہے: راشد لنگڑیال/ فائل فوٹو
لیسکو نے بجلی چوروں سے ایک ارب 45 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد ریکور کرکے 4 ہزار 928 ایف آئی آرز کا اندراج کیا ہے: راشد لنگڑیال/ فائل فوٹو

اسلام آباد: سیکرٹری پاور راشد لنگڑیال نے کہا ہےکہ بجلی چوری کے خلاف آپریشن کے دوران 7 روز میں 6 ارب روپے وصول کیے گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بجلی چوری سے متعلق اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے سیکرٹری توانائی راشد لنگڑیال نے کہا کہ بجلی چوروں کےخلاف مہم زوروں سے جاری ہے جس دوران آخری 7 دن میں بجلی چوروں سے 6 ارب روپے وصول کیے گئے ہیں جب کہ 1500بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

سیکرٹری توانائی نے بتایا کہ بجلی چوری کلچر ختم کیے بغیرآرام سے نہیں بیٹھیں گے کیونکہ جرم کرنے والوں کی سزا بل اداکرنے والوں کو دینے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

راشد لنگڑیال نے مزید بتایا کہ لیسکو نے بجلی چوروں سے ایک ارب 45 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد ریکور کرکے 4 ہزار 928 ایف آئی آرز کا اندراج کیا ہےجب کہ لیسکو ریجن سے اب تک 406 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا ہے، اس کے علاوہ حیسکو نے بجلی چوروں سے ایک ارب 21 کروڑ 40 لاکھ روپے ریکور کیے، اس دوران 310 ایف آئی آرز  درج کرکے  31 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

سیکرٹری توانائی کے مطابق میپکو میں 80 کروڑ 50 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی، میپکو میں 3ہزار 497 ایف آئی آرز اور 249 گرفتاریاں ہوئیں جب کہ سیپکو میں اب تک 70 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے اور  325 ایف آئی آرز کا اندراج کرکے 234 گرفتاریاں کی گئی ہیں۔

مزید خبریں :