ہمارا 93 واں قومی دن... ہم خواب دیکھتے ہیں اور حاصل کرتے ہیں

ہمارا پیارا وطن مختلف اہم شعبوں اور تمام انسانی سرگرمیوں میں ترقی اور خوش حالی کے ایک ایسے مرحلے سے گزر رہا ہے جو ناصرف انسان کو بلند مقام سے سرفراز کرتا ہے بلکہ اس کی قدر و منزلت کو بھی بڑھاتا ہے۔ اسی چیز نے اسے عالمی ممالک کی صف میں لا کھڑا کیا ہے اور اسے ہر سطح پر عالمی منظر نامے میں سب سے آگے رکھا ہے۔

 ایک ہی وقت میں یہ انسان کی حیثیت اور اس کی حفاظت کے حوالے سے ذمے داریوں کا بوجھ اٹھاتا ہے تو دوسری طرف بالعموم اپنی معاشی ترقی اور اپنے عرب اور مسلمان بھائیوں کو پیش آنے والے اہم ترین مسائل کے حوالے سے ان کی اسلامی، عربی اور علاقائی ذمے داریوں سے نبرد آزما ہے۔

مملکت نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دور میں جن بلندیوں کو چھوا ہے، اس کو بیان کرنے کے لیے سب سے بلیغ تعبیر ہمارا یہ نعرہ(ہم خواب دیکھتے ہیں اور حاصل کرتے ہیں) ہی ہو سکتا ہے جو اپنے اندر وژن کے تصورات کو لیے ہوئے ہے اور یکے بعد دیگرے اہداف اور کامیابیوں کے حصول نے اسے آسمان کی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے اور جو اب ایک بابرکت اور بامقصد وژن کا راستہ ہموار کر رہا ہے، جس کے ثمرات اب آنا شروع ہو گئے ہیں۔

کامیابیوں سے مالا مال یہ مرحلہ مملکتِ سعودی عرب کے 93 ویں قومی دن کے ساتھ ہم آہنگ ہے جسے ہر شہری، محب وطن، دوست اور بھائی منا رہا ہے اور اس عظیم وطن میں بھلائی، ترقی اور مہذب زندگی گزارنے پہ خوشی، مسرت، پنے وطن اور قیادت کے لیے مخلصانہ اور سچے جذبات کا اظہار کرتا ہے۔

اے میرے پیارے وطن! تیرا یہ دن خوشیوں سے، ترقی اور خوش حالی سے بھرپور ہو۔

عالمی سطح پر سعودی عرب نے اپنی سنجیدہ اور دانش مندانہ پالیسیوں کی بدولت دنیا بھر کے تمام ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات قائم کیے ہیں بالخصوص اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے بہترین برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔

بحیثیت سفیر اپنے ملک وقیادت کی خدمت کرتے ہوئے اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ بہترین اور غیر معمولی رشتے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور یہ رشتہ ناصرف حکومتی سطح پر قائم ہے بلکہ عوامی سطح پر بھی دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ رشتہ موجود ہے جس کے مظاہر ہمیں آپس کی ہم آہنگی، بات چیت اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہو کر دیکھنے کو ملتے ہیں بالخصوص جب اسلام آباد میں موجود سعودی سفارت خانہ قومی دنوں پر تقریبات کا اہتمام کرتا ہے تو اس میں پاکستانی بھائیوں کی شرکت یقیناً خوشیوں کا باعث ہوتی ہے۔ پاکستان جیسے برادر معاشرے میں سعودی عرب کے لیے پیار محبت یقیناً بہت ہی خوبصورت ہے۔

اے وطن تو باکرامت رہے


تحریر: سفیر خادم حرمین شریفین/ نواف بن سعید المالکی


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔