27 ستمبر ، 2023
اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے عدالتی وقت ضائع کرنے پر انکم ٹیکس کمشنر پر جرمانہ عائد کردیا۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے انکم ٹیکس کمشنرکے ٹیکس کی تشخیص کے اختیار سے متعلق نظرثانی کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے اہم آبزرویشنز دیں۔
اس دوران عدالت نے انکم ٹیکس کمشنرکو عدالت کا وقت ضائع کرنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا اور ایک ہفتے میں جرمانہ کسی فلاحی ادارے کو ادا کرکے رسید جمع کرانے کا حکم دیا۔
عدالت نے ایف بی آر کو تمام آرڈرز اور نوٹی فکیشنز ویب سائٹ پراپ لوڈ کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے سب سے بڑے ادارے ایف بی آرکو شفاف ہونا چاہیے، ایف بی آر شفاف نہیں ہوگا تو عوام کا اعتماد کیسے حاصل کرےگا؟ ایف بی آر شفاف نہیں ہوگا تو عوام کو ٹیکس ادائیگی پر آمادہ کیسے کرے گا؟
بعد ازاں عدالت نے کمشنر ان لینڈ ریونیو ایف بی آرکی نظرثانی درخواست خارج کردی۔