10 جنوری ، 2013
کراچی…متحدہ قائد الطاف حسین نے سیاسی ڈرون دھماکا کرتے ہو ئے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح سلطنت برطانیہ کے وفادار تھے، انہوں نے عہدکیاتھاکہ برطانیہ کے بادشاہ جارج ششم کے وفاداررہیں گے۔الطاف حسین نے دعویٰ کرتے ہو ئے کہا کہ وہ ثابت کردیں گے کہ قائد اعظم کے پاس برطانوی پاسپورٹ تھا۔پاکستان کے99فیصدعوام کوتاریخ سے آگاہ ہی نہیں کیاگیا،میں اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ میں اور میرے ہم عصر جو اب بڑھاپے میں قدم رکھ چکے ہیں، انہیں یا ہم سے پہلے گزرجانے والی نسل کو اصل تاریخی اور زمینی حقائق سے سچائی کے ساتھ آگاہ نہیں کیا گیا ،تاریخ کو یکسر تبدیل کردیا گیا، اکابرین کی اکثریت بھی یہ بھول بیٹھی کہ تاریخ کو تبدیل کرکے وہ مجرمانہ فعل کرتے ہیں، جن مذہبی جماعتوں یا سیاسی جماعتوں نے قیام پاکستان کی مخالفت کی وہ آج پاکستان کی سب سے بڑی اور محب وطن جماعتیں بن بیٹھی ہیں ، نواب، جاگیر دار، وڈیرے پاکستان کے بدترین مخالف تھے انہوں نے پاکستان کے قیام کی جدوجہد کرنیوالوں کی حب الوطنی مشکوک قرار دے دی، جاگیردار، وڈیرے جو پاکستان کے دشمن تھے،آج ان کے اقارب بڑے عہدوں پرہیں ۔ میں مجبور ہوں کہ میرے پاس ڈپلومیٹک پاسپورٹ نہیں، کئی لوگ دس دس سال ڈپلومیٹک پاسپورٹ پرملک سے باہر رہے۔