10 جنوری ، 2013
لاہور…پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ طاہر القادری کے لانگ مارچ میں بارود بھری گاڑی ٹکرانے اور خود کش حملہ کا خطرہ ہے ، سیکورٹی کلیئرنس کے بغیر کسی کو لانگ مارچ میں شامل نہیں ہونے دیا جائے گا،ڈاکٹر طاہرالقادری نے خود گرفتاری پیش کی تو بھی انہیں گرفتار نہیں کرینگے ۔لاہور کے الحمرا ہال میں خطاطی نمائش میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہاکہ لانگ مارچ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی نہ کسی کو گرفتار کرینگے،ڈاکٹر طاہر القادری نے گرفتاری پیش کی تو بھی انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا ، رانا ثنااللہ نے کہا کہ طاہر القادری نے پنجاب حکومت کو مطلع کیا ہے کہ انہیں لانگ مارچ کے دوران نشانہ بنائے جانے کا خدشہ ہے چنانچہ حکومت لانگ مارچ کو محفوظ بنانے کیلئے سیکورٹی کے ہر ممکن اقدامات کرے گی ۔