10 جنوری ، 2013
کراچی…کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں نجی اسپتال کے قریب دو گروپوں کے درمیان فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ایس پی گڈاپ راوٴ انوار کے مطابق واقعہ سہراب گوٹھ پر واقع کوئٹہ ٹاوٴن کی گبول مارکیٹ کے قریب پیش آیا۔ تین موٹر سائیکلوں پر سوار 6مسلح افراد نے ایک ڈیرے میں داخل ہو کرفائرنگ کردی جس سے 5افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔ مرنیوالوں کا تعلق مہمند ایجنسی سے ہے جو پی ٹی سی ایل کے پرائیوٹ ملازمین تھے۔ ایس پی راوٴ انوار نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے وقت ڈیرے پر 30 سے زائد مزدور موجود تھے۔ واقعہ آپس کی دشمنی لگتا ہے، جائے واقعہ سے کلاشنکوف اور ٹی ٹی پستول کی گولیوں کے خول ملے ہیں، مزید تفتیش جاری ہے۔