11 جنوری ، 2013
پشاور… پشاور اور گرد و نواح میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔پشاور ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ تاہم شہری علاقوں میں دس گھنٹے اور دیہی علاقوں میں پندرہ گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ ورسک روڈ، رشید آباد، دلہ زاک روڈ اور دیگر نواحی علاقوں میں فنی خرابی کے باعث چار سے چھ گھنٹے مسلسل بجلی بند رہتی ہے۔ اس تمام صورت حال سے شہری پریشان ہیں اور متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی کی بھی قلت ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے بعد اب پشاور شہر کے بیشتر علاقوں میں صارفین کو گیس کے کم پریشر کا سامنا ہے۔ دلہ زاک روڈ، پجگی روڈ، فقیر آباد، گلبہار، رشیدآباد اور ورسک روڈ کے علاقوں میں دن بھر گیس پریشر کم رہتا ہے۔ جس سے گھریلو صارفین مشکلات کا شکار ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں لکڑی اور گیس سیلنڈر کا استعمال کیا جارہا ہے۔ سوئی گیس حکام کے مطابق سردی کی شدت میں اضافے کے باعث پریشر کم ہونے کی شکایات عام ہیں۔ حکام نے صارفین سے گیس کے استعمال میں اعتدال کرنے کے بھی اپیل کی ہے۔