11 جنوری ، 2013
کراچی … شاہ زیب قتل کیس کے گواہوں کا کہنا ہے کہ سراج تالپور کے علاوہ مفرور ملزم شاہ رخ جتوئی نے بھی شاہ زیب پر گولیاں چلائیں، پولیس کے مزید 2گواہوں نے گرفتار تینوں ملزمان کو شناخت کر لیا۔ گواہوں کے مطابق زخمی شاہ زیب کو شاہ رخ جتوئی نے مزید 3 گولیاں ماریں اور دیگر ملزمان کے ساتھ فرار ہوگیا۔ عدالت میں ملزمان سراج تالپور، سجاد تالپورا ور غلام مرتضیٰ لاشاری کو پیش کیا گیا، جنہیں پولیس کے مزید 2 گواہوں نے شناخت کرلیا۔ پولیس کے گواہوں نے بتایا کہ شاہ زیب پر چلتی ہوئی گاڑی میں شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور نے گولیاں چلائیں، جس سے شاہ زیب کی گاڑی الٹ گئی،سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری نے گاڑی سے جھانکا اور اتر کر چیختے ہوئے کہا کہ شاہ زیب ابھی زندہ ہے اور گولیاں مارو، جس کے بعدزخمی شاہ زیب کو مفرور ملزم شاہ رخ جتوئی نے مزید 3 گولیاں ماریں اور دیگر ملزمان کے ساتھ فرار ہوگیا۔ گواہوں کے مطابق واقعہ خیابان بحریہ پر پیش آیا جہاں تمام اسٹریٹ لائٹ روشن تھیں اوروہ ملزمان کو 10 مرتبہ بھی شناخت کرسکتے ہیں۔