Time 11 اکتوبر ، 2023
صحت و سائنس

وہ 10 علامات جو ہارٹ اٹیک کا اشارہ ہو سکتی ہیں

ہارٹ اٹیک کی مخصوص علامات ہوتی ہیں / فائل فوٹو
ہارٹ اٹیک کی مخصوص علامات ہوتی ہیں / فائل فوٹو

ہارٹ اٹیک کا سامنا کسی فرد کو اس وقت ہوتا ہے جب دل کی جانب خون کا بہاؤ بہت زیادہ گھٹ جائے یا بلاک ہوجائے۔

عموماً شریانوں میں چکنائی، کولیسٹرول اور دیگر مواد کا اجتماع دل تک خون کے بہاؤ میں کمی کا باعث بنتا ہے۔

کولیسٹرول کے اجتماع کو plaque کہا جاتا ہے اور کئی بار اس کے باعث بلڈ کلاٹ کا سامنا ہوتا ہے اور خون کی روانی متاثر ہوتی ہے۔

ہارٹ اٹیک کی مخصوص علامات ہوتی ہیں جن کو محسوس کرکے لوگ فوری طبی امداد کے لیے رجوع کر سکتے ہیں۔

ایسا احساس جیسے کسی نے بہت سختی سے جکڑ لیا ہو

ہارٹ اٹیک کے دوران اکثر سینے میں شدید تکلیف ہوتی ہے مگر کئی بار سینے میں دباؤ اور بھاری پن کا احساس بھی ہوتا ہے۔

درحقیقت ایسا لگتا ہے جیسے کوئی سینے کو مضبوطی سے جکڑے ہوئے ہے۔

تھکاوٹ یا نقاہت

تھکاوٹ یا نقاہت ہارٹ اٹیک کی سب سے عام علامات میں سے ایک ہے، خاص طور پر خواتین میں یہ علامت زیادہ نظر آتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ہارٹ اٹیک کے قریب پہنچ جانے والے افراد روزمرہ کے کاموں کے دوران بہت زیادہ تھکاوٹ کی شکایت کرتے ہیں۔

ورزش کرتے ہوئے تکلیف

سینے، بازو، کندھے یا کمر میں جسمانی سرگرمیوں کے درمیان تکلیف ہونا بھی ہارٹ اٹیک کی علامت ہو سکتی ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ اگر خون کی شریانوں بلاک ہونے سے خون کا بہاؤ محدود ہوتا ہے تو جسمانی سرگرمیوں کے دوران تکلیف اور کمزوری کا احساس ہوتا ہے۔

سانس بہت زیادہ پھول جانا

اگر سیڑھیاں چڑھتے ہوئے اچانک سانس بہت زیادہ پھول جائے تو یہ بھی ہارٹ اٹیک کی ایک نشانی ہو سکتی ہے۔

مردوں کے مقابلے میں خواتین میں یہ علامت زیادہ عام ہوتی ہے۔

نیند کے دوران سانس لینا مشکل ہونا

اگر نیند کے دوران اچانک آنکھ کھل جائے اور سانس لینے مشکل ہو رہا ہو تو یہ بھی ہارٹ اٹیک کی علامت ہو سکتی ہے۔

خون کا بہاؤ متاثر ہونے سے نظام تنفس پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں جس کے باعث سانس لینا مشکل ہوتا ہے۔

سینے میں جلن

اگر کھانے کے بعد سینے میں جلن محسوس ہو تو یہ فکرمندی کی بات نہیں، مگر اس کی شدت غیر معمولی ہو تو پھر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

خون کے بہاؤ میں کمی سے انجائنا کی شکایت ہوتی ہے جو سینے میں جلن جیسی ہوتی ہے اور یہ ہارٹ اٹیک کی نشانی ہو سکتی ہے۔

معدے کے مسائل

کئی بار ہارٹ اٹیک کی علامات معدے کے مسائل جیسے متلی، قے یا بدہضمی کی شکل میں بھی نظر آتی ہیں، خاص طور پر خواتین میں۔

ایسی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا بہتر ہوتا ہے۔

گلے، حلق یا جبڑے میں بے چینی

اگر گلے، حلق یا جبڑے میں اچانک بے چینی محسوس ہو جس کی وجہ سمجھ نہ آئے تو یہ بھی ہارٹ اٹیک کی نشانی ہو سکتی ہے۔

بغیر کسی وجہ کے پسینے کا اخراج

اگر اچانک بغیر کسی وجہ کے بہت زیادہ پسینہ خارج ہونے لگے تو یہ صحت کے کسی سنگین مسئلے کا اشارہ ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق کسی جسمانی سرگرمی کے بغیر اچانک بہت زیادہ پسینہ خارج ہونے لگے تو یہ ہارٹ اٹیک کی جانب اشارہ بھی ہو سکتا ہے۔

سر چکرانا یا غشی طاری ہونا

اگر اچانک سر چکرانے لگے یا غشی طاری ہو جائے تو یہ بھی ہارٹ اٹیک کی ممکنہ علامت ہوسکتی ہے۔

سر چکرانے کے ساتھ ساتھ متلی اور گرمی کا احساس بھی ہو سکتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :