18 اکتوبر ، 2023
پاکستان فٹبال ٹیم کے کوچ راجیریو راموس کی فیفا ورلڈکپ 2026 کیلئے کوالیفائنگ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے کے بعد کھلاڑیوں کے ساتھ ڈانس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف )کے انسٹاگرام پیج پر کھلاڑیوں کے پہلی بار ورلڈکپ کوالیفائرز کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے کے بعد سلیبریشن کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں کھلاڑیوں کو ڈانس کرتے اور جیت کا جشن مناتے دیکھا گیا۔
ویڈیو میں گول کیپنگ کوچ راجیریو راموس بھی اپنی خوشی چھپائے بغیر نہ رہ سکے اور کھلاڑیوں کے ساتھ ڈانس کرتے دکھائے دیے۔
وائرل ویڈیو میں فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں نے جہاں کوچ کو گلے لگایا وہیں گود میں اٹھاکر جشن بھی منایا۔
گزشتہ روز پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کےجناح اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے کمبوڈیا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی تھی اور پاکستان کی جانب سے واحد گول 69 ویں منٹ میں ہارون حامد نے اسکور کیا۔
197 ویں رینک والی پاکستان فٹبال ٹیم نے کبھی بھی ورلڈکپ کوالیفائر میچ نہیں جیتا تھا۔