12 جنوری ، 2013
اسلام آباد … سانحہ کوئٹہ کے خلاف راولپنڈی، اسلام آبا د میں ہزارہ کمیونٹی، مجلس وحدت المسلمین، سیاسی کارکنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کا دھرنا جاری ہے، جڑواں شہروں کو ملانے والا فیض آباد چوک کئی گھنٹوں سے بند پڑا ہے۔ مظاہرین نے شہداء کی تدفین تک مظاہرہ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے سانحہ کوئٹہ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرین نے سپر مارکیٹ میں دھرنا دیا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم فیض آباد چوک پر بھی احتجاجی مظاہرہ جاری ہے، مظاہرین نے کئی گھنٹوں سے راولپنڈی اسلام آباد ایکسپریس وے بلاک کر رکھی ہے اور مری روڈ، آئی جے پی روڈ سمیت ایئر پورٹ جانے والے کئی راستوں پر بھی شدید ٹریفک جام ہے۔ دھرنے میں شمعیں روشن کرکے سانحہ علم دار کے شہداء اور زخمیوں کیلئے دعائیں بھی کی گئیں۔ مظاہرین نے گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ شہداء کی تدفین تک مظاہرہ جاری رہے گا۔