Time 20 اکتوبر ، 2023
پاکستان

سپریم کورٹ: عام انتخابات 90 روز میں کرانے کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے عام انتخابات 90 روز میں کرانے کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ،جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل کمیٹی کے فیصلے کے بعد سپریم کورٹ نے اہم مقدمات مقرر کر دیے۔

فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل، عام انتخابات کی تاریخ دینے اور ملک بھر میں انتخابات ایک ساتھ کرانے کے مقدمات سماعت کیلئے مقرر ہوگئے، عدالت نے مقدمے کے فریقین کو نوٹسز بھی جاری کر دیے۔

سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف کیس کی سماعت 23 اکتوبر ساڑھے 11 بجے ہوگی،جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں قائم 5 رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔

بینچ میں جسٹس منیب اختر، جسٹس یحیٰی آفریدی، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک شامل ہیں۔کیس کی گزشتہ سماعت 3 اگست کو ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ عدالت عظمیٰ میں 90 روز میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت 23 اکتوبر کو ہوگی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔

جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللّٰہ بینچ میں شامل ہیں۔

ملک میں 90 روز میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے سپریم کورٹ بار اور پی ٹی آئی سمیت دیگر نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں،  اسی بینچ میں ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کے کیس کی سماعت 24 اکتوبر کو ہو گی۔

عدالت نے ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کے کیس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی سمیت سیاسی جماعتوں کو مصالحت کرنے کی ہدایت کی تھی۔

مزید خبریں :