فیس بک کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد کتنی ہے؟

کمپنی کی سہ ماہی رپورٹ میں اس پلیٹ فارم کو روزانہ استعمال کرنے والوں کی تعداد بتائی گئی / رائٹرز فوٹو
کمپنی کی سہ ماہی رپورٹ میں اس پلیٹ فارم کو روزانہ استعمال کرنے والوں کی تعداد بتائی گئی / رائٹرز فوٹو

فیس بک کو 19 سال ہوگئے ہیں مگر اس کو استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں اب بھی اضافہ ہورہا ہے۔

پہلی بار اس سوشل میڈیا نیٹ ورک کو روزانہ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 2 ارب 90 لاکھ ہوگئی ہے۔

2023 کی تیسری سہ ماہی کی آمدنی تفصیلات جاری کرتے ہوئے میٹا نے بتایا کہ جولائی سے ستمبر 2023 کے دوران فیس بک کو روزانہ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں 5 فیصد کا اضافہ ہوا۔

میٹا کی جانب سے بتایا گیا کہ اس کی ایپس بشمول واٹس ایپ، انسٹاگرام، میسنجر اور اب تھریڈز کو روزانہ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں اس سہ ماہی کے دوران 7 فیصد اضافہ ہوا۔

اس اضافے کے بعد یہ تعداد 3 ارب 14 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔

مارک زکربرگ نے سہ ماہی رپورٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں اس سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران صارفین نے فیس بک پر 7 فیصد زیادہ وقت گزارا۔

اس سہ ماہی کے دوران کمپنی کی آمدنی 23 فیصد اضافے سے 34.15 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی۔

میٹا کی ایپس کے صارفین میں اضافے کی بڑی وجہ ریلز ویڈیوز کو قرار دیا گیا۔

ٹک ٹاک کی نقل پر مبنی یہ فیچر فیس بک اور انسٹاگرام صارفین میں بہت زیادہ مقبول ہوا ہے۔

مارک زکربرگ نے تھریڈز کے حوالے سے کہا ہے کہ 3 ماہ کے عرصے میں اس نئی ایپ کی پیشرفت سے وہ مطمئن ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ چند برسوں میں اس کے صارفین کی تعداد بھی ایک ارب تک پہنچ جائے گی۔

تاہم انہوں نے اس وقت تھریڈز کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد بتانے سے گریز کیا۔

مزید خبریں :