Time 26 جون ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ میں ایک بہترین اے آئی فیچر صارفین کیلئے متعارف

واٹس ایپ میں ایک بہترین اے آئی فیچر صارفین کیلئے متعارف
کمپنی نے اس فیچر کا اعلان کیا / فوٹو بشکریہ میٹا

واٹس ایپ میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مبنی ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جو آپ کو ضرور پسند آئے گا۔

یہ فیچر چیٹس میں موجود پیغامات کی مختصر سمری تیار کرکے فراہم کرے گا۔

اس فیچر کا بنیادی مقصد صارفین کو مدد فراہم کرنا ہے تاکہ وہ متعدد ان ریڈ (unread) پیغامات کو پورا پڑھ کر وقت ضائع نہ کریں۔

اس فیچر کے لیے میٹا اے آئی کو پرائیویٹ طریقے سے استعمال کیا جاسکے گا جس کی جانب سے مختلف چیٹس میں موجود طویل پیغامات کے اہم نکات کی سمری فراہم کی جائے گی۔

کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس ٹول سے صارفین کو یہ جاننے میں بھی مدد ملے گی کہ کسی چیٹ میں کس موضوع پر بات چیت کی جا رہی ہے تاکہ وہ اس کے مطابق پیغامات کا جواب دے سکیں۔

جب بھی یہ فیچر صارفین کو دستیاب ہوگا تو انہیں ان ریڈ میسجز کے اوپر سمریز پرائیویٹلی کا آپشن نظر آئے گا۔

اس آپشن پر کلک کرنے پر میٹا اے آئی  چیٹ بوٹ متحرک ہوگا اور ان پیغامات کے اہم نکات بیان کرے گا۔

اس فیچر کے لیے میٹا کی پرائیویٹ پروسیسنگ ٹیکنالوجی پر انحصار کیا جائے گا تاکہ صارفین کا ڈیٹا واٹس ایپ، میٹا یا کسی تھرڈ پارٹی کے پاس نہ پہنچ سکے۔

کمپنی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پیغامات کی تیار کردہ سمری صارف تک محدود ہوگی جبکہ پرائیویسی کو مزید بہتر بنانے کے لیے فی الحال اسے گروپ چیٹس کا حصہ نہیں بنایا جا رہا۔

کمپنی نے بتایا کہ اے آئی چیٹ سمری کا فیچر آپشنل ہے اور صارف کو اسے استعمال کرنے کے لیے خود ٹرن آن کرنا ہوگا۔

یہ فیچر ابتدائی طو پر امریکا میں متعارف کرایا گیا ہے اور رواں سال کے دوران اسے دیگر ممالک تک توسیع دی جائے گی۔

مزید خبریں :